اس تحقیق میں ابتدائی طور پر انقلاب کی تعریف کی گئی ہے اور اسکے بعد کسی بھی انقلاب کی پیمائش کے لئے چند اہم معیارات بیان ہوئے ہیں، اور ساتھ ہی ان معیارات کی روشنی میں ان تینوں انقلاب(یعنی فرانس، روس اور اسلامی انقلابِ ایران) پر تجزیہ اور تحلیل کیا گیاہے اور اس بنیادی سوال کا جواب دیا گیا ہے کہ ان تینوں انقلاب میں سے وہ کون سا انقلاب ہے جس میں عوامی شرکت شدید سیاسی اور عسکری دباؤ کے باوجود اپنے عروج پر تھی ۔ اس سوال کا جواب دینا اس لئے ضروری ہے کہ ہمیں کسی بھی انقلاب پر تجزیہ و تحلیل کرنے میں مدد ملے گی، اور اس سوال کے جواب کی روشنی میں کسی بھی انقلاب کو پَرَکھنے اور تولنے کا میزان ہمارے ہاتھ آجائے گا، نتیجتاًہم باآسانی سمجھ سکیں گے کہ موردِ بحث تین انقلاب(روس، فرانس اور اسلامی انقلاب) میں وہ کون سا انقلاب ہے جس کے لئے راستہ ہموار تھا، انقلاب کے مراحل بھی دشوار نہ تھے اور جسکا کامیابی سے ہمکنار ہونا نسبتاً آسان تھا اور اس کے مقابلے میں وہ کون سا انقلاب ہے جس کےلئے شرائط بہت سخت اور دشوار تھیں اور کٹِھن حالات کو طے کرتے ہوئے اپنی کامیابی کی نوید سنائی اور آج تک اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ قائم و دائم ہے۔ اس تحقیق کے نتائج یہ ہیں کہ ان تینوں انقلاب میں سے انقلاب اسلامی ایران وہ واحد انقلاب ہے جسکا سامنا نسبتاً طاقتور سلسلے سے تھا، حالات بہت کٹِھن تھےاورسیاسی اور عسکری طاقت اپنے عروج پر تھی اسکے باوجود عوامی شرکت کے لحاظ سے یہ انقلاب دیگر تمام انقلاب سے ممتاز دیکھائی دیتا ہے۔