خالق حقیقی کے ساتھ ارتباط پیدا کرنا انسان کی فطری ضروریات میں سے ایک ہے۔تمام ادیان اپنے حساب سے خاص مناسک اور عبادات بجا لاتے ہیں۔طول تاریخ میں تمام انبیاء کرام علیہم السلام نے اپنے پیروکاروں کو عبادات اور مناسک بجا لانے کاطریقہ کارسکھائے تاکہ وہ خدا وند متعال کی بندگی کر سکیں۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق بچوں کی تعلیم و تربیت خاص طور پر عبادات کے میدان میں ان کی تربیت کرنا والدین پر فرض ہے۔اس مقالہ میں ہم والدین پراولاد کی نسبت سے جو شرعی ذمہ داری عائد ہیں اس کا اسلامی منابع سے استنباطی طریقہ سے حکم بیان کرنے اوران سوالات کے جوابات دینے کی کوشش کرینگے کہ بنیادی طور پر ، کیا والدین پر اپنے بچوں کو نماز کی تعلیم دینا واجب ہیں ؟کیا یہ حکم واجب ہے یا مستحب؟ نماز کی تعلیم کب اورکس عمر میں دینا چاہئے۔ اگر بچوں کو نماز کی تعلیم دیناوالدین کی شرعی ذمہ دار ہے تو اس کے دلائل کیا ہیں؟ کیا والدین پر لازم ہیں کہ وہ براہ راست خود اس ذمہ داری کو نبھا ئے یا کسی اور کے ذریعہ سے بھی وہ اس عمل کو انجام دے سکتا ہے؟اسلامی منابع کے مطابق واجب عبادات کی تعلیم و تربیت والدین پر واجب اوراسی طرح مستحب عبادات اوراعمال کی تعلیم و تربیت مستحب ہیں۔ والدین پر بچوں کو نماز پڑھانے کی ذمہ داری بچوں کی بلوغت سے پہلے شروع ہو جاتی ہے اور یہ حکم، واجب توصلی اور کفائی ہے۔