تربیت کی ضرورت اور اہمیت پر ہم کچھ زاویوں سے روشنی ڈال سکتے ہیں۔ ایک تو نئی نسل آج کے دور میں جس بحران سے گزر رہی ہے وہ۔ دوسرے انسان ہونے کے ناطے اس کی ضرورت۔ تیسرے قرآن و حدیث میں، اس موضوع پر حددرجہ تاکید بھی اس کی اہمیت میں دوچاند لگاتی ہے۔ کسی شیء کی ساخت و بافت ، اس کا ہدف خلقت اس بات کی طرف راہنمائی کرتا ہے کہ ہمیں اس شیء کے ساتھ کیا کرنا ہے۔ انسان کی خلقت، فطرت، طبعیت اور اس کا مقصدِخلقت ہمیں یہ بتاتی ہیں کہ تعلیم و تربیت اس کیلئے اتنی ہی ضروری ہے جتنا کہ درخت کو پھلنے پھولنے کیلئے پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ تعلیم و تربیت کی ضرورت اور اہمیت کو انبیاءؑ اور آئمہؑ نے اپنے کلام اور اپنی سیرت میں اس کو آشکار کیا ہے۔