تربیت اسلامی کے اہم امور میں سے ایک اولاد اور متربی کی سماجی و اجتماعی تربیت ہے جو اسلام کی سماجی واجتماعی تعلیمات کے عین مطابق ہو۔ والدین جس طرح اولاد کےعقائد، عبادات ،اخلاقیات،احساسات کی تربیت کا ذمہ دار ہے اسی طرح ان کی سیاسی، اقتصادی اور سماجی وا جتماعی تعلیم و تربیت کے بھی ذمہ دار ہے۔ سماجی و اجتماعی زندگی میں تحقیق کی اہمیت اس وجہ سے ہے کہ اسلام کی تعلیمات کا ایک اہم حصہ معاشرتی تعلیمات پر مشتمل ہیں جو افراد کےاجتماعی ارتقاء اور سماجی نشوونما پر مبنی ہیں اور افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ بہتر اورصلح آمیز زندگی اورروابط قائم کرنے کے بارے میں نشاندہی کرتا ہے۔
اس موضوع پر فقہی تحقیق اس سلسلے میں اسلامی نقطہ نظر کو واضح کر سکتی ہے اور والدین اور مربی کے جو دینی فرائض ہیں ان کے حوالے سے آگاہی فراہم کر سکتی ہے جو اسلامی معاشرتی تعلیمات کے نفاذ اور اس کے سماجی مقاصد کے حصول کی طرف ایک قدم ہے۔جو بات اہمیت کے حامل ہے وہ یہ ہے کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ اولاد کی سماجی و اجتماعی تربیت کا ذمہ دار کون ہے؟ اور اس کا شرعی حکم کیا ہے؟ اس تحقیق میں ہم تجزیاتی اور اجتہادی طریقہ سے آیات اور احادیث پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اولاد کی سماجی اور اجتماعی تربیت کے حوالہ سے والدین اورمربی کے فرائض بیان کرنے کی کوشش کی ہے ۔ بعض دلائل کے مطابق اولاد کی سماجی و اجتماعی تربیت والدین پر واجب اوربعض دلائل کے مطابق مستحب ہے۔