تربیت کے اقسام میں سے ایک جسمانی تربیت ہے۔ بچوں کی رشد ، نشوونما اور ان کی صحت کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ بچوں کو اپنی فطری اور مادی ضروریات پورا کرنے ، ان کو برقرار رکھنے، رشد، نشوونما ، اپنے معاملات کی تدبیر اور منصوبہ بندی کے لیے دوسروں کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ وہ اپنے معاملات کو سنبھال نہیں سکتے۔اس لیے بچوں کی جسمانی تربیت نہایت ہی ضروری ہے۔ یہاں جسمانی تربیت کا مطلب جسمانی نشوونما کے لیے بنیادی چیزیں فراہم کرنا اور بچے کی فطری اور مادی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔متون دینی میں جسمانی تربیت سے مربوط عناوین اور موضوعات میں ایک حضانت یعنی بچوں کی پرورش ہے۔ بچوں کی جسمانی تربیت میں اس عنوان کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے اوراسے بنیادی طور پر والدین کا فریضہ قرار دیا ہے۔ اس مقالہ میں حضانت کا پس منظر، اصطلاحات کے معانی، حضانت اور ولایت کے درمیان فرق وغیرہ بیان کرنے کے ساتھ ساتھ حضانت کے دلائل جیسے عقلی دلیل ،آیات و روایات اور عقلا کی سیرت بیان کی ہے۔اس تحقیق میں ہم تجزیاتی اور اجتہادی طریقہ سے آیات اور احادیث کی روشنی میں حضانت کے بارے میں والدین کے فرائض کو ثابت کرنے کی کوشش کی ہے ۔ دلائل کے مطابق والدین پر بچے کی حضانت ،نگہداری اور پرورش واجب ہے ۔