خلاصه متون دینی میں جسمانی تربیت سے مربوط عناوین اور موضوعات میں ایک حضانت یعنی بچوں کی پرورش ہے۔ بچوں کی جسمانی تربیت میں اس عنوان کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے اوراسے بنیادی طور پر والدین کا فریضہ قرار دیا ہے۔ اس مقالہ میں تربیتی نقطہ نظر سے فقہی حکم حضانت کا تربیتی جائزہ لیا گیا ہے ۔اس تحقیق میں توصیفی اور تحلیلی طریقے سے فقہی اور تربیتی منابع سے بچوں کی مفادات کے تحفظ کے لیے بچوں کی حضانت (پرورش) کا حکم بیان کرنا مقصود ہے ۔ فقہی اعتبار سے حضانت احکامات الہی میں سے ایک حکم ہے اور اس کے مطابق بچوں کی حفاظت ان کے سرپرستوں پر واجب ہے۔ بچے کی پرورش اورحضانت کا حکم بچے کی مصلحت اور اس کی تربیت پر مبنی ہے، جس پر فقہ میں بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے۔حضانت ا یک دلسوز اور قابل اعتماد شخص کی سرپرستی میں ہونا چاہیے تاکہ اسے کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔ صاحبان اولویت حضانت کے لئے جو شرائط موجود ہیں اسی طرح عوامل سقوط حضانت یہ سب اس بات کا ثبوت ہیں کہ بچے کی جسمانی، ذہنی اوراحساساتی پہلوؤں کے لحاظ سے صحیح پرورش ہی حضانت کا اصل ہدف اوردین اسلام کا مقصود ہے۔ اسی لیے جب صاحب حضانت میں شرائط اورصلاحیت ختم ہو جائے اسے کسی باصلاحیت اورصاحب شرائط کے سپرد کیا جاتا ہے۔آج کل کے معاشرتی مسائل میں سے ایک تربیت اورحضانت سے محروم بچے ہیں اورفقہی اورتربیتی نقطہ نگاہ سے ان کی پیدائش کے ابتدائی دنوں سے ہی حضانت اوران کی پرورش کر کے اس اہم مسئلہ کو حل کیا جا سکتا ہے۔